کلامِ اقبال میں قرآنی تلمیحات از ڈاکٹر ایس۔محمد یاسر،
علامہ اقبالؔ کا شمار بیسویں صدی کے ایسے شعراء میں ہوتا ہے ، جنہوں نے کلامِ الٰہی ’قرآنِ مجید ‘ سے اپنے والہانہ لگاؤ اور شغف کی وجہ سے اپنے کلام میں قرآنی الفاظ ‘ اشارات‘ تلمیحات اور قرآنی فکر کو پیش کیا ۔ بلاشبہ علامہ اقبالؔ اردو کے صفِ اول کے ممتاز اور نمائندہ شعراء میں شمار کئے جاتے ہیں‘ جو اس لحاظ سے انفرادیت کے حامل ہیں کہ ان کے ہاں ’کتابِ الٰہی ‘ سے غیر معمولی شغف پایا جاتا ہے۔ ’’کلامِ الٰہی ‘‘ سے اپنے فکر وفن کو مزین کرنے کے سلسلہ میں‘ نہ صرف اردو ‘ بلکہ بشمول عربی ‘ دنیا کی کسی بھی زبان میں کوئی شاعر علامہ اقبال ؔ کی ہمسری کا مدعی نہیں ہے ۔ خاص طور پر قرآنی لفظیات ‘ قرآنی اشارات‘ قرآنی تلمیحات‘ قرآنی تفہیمات کے بارے میں تو جو مقام علامہ اقبالؔ کوحاصل ہے ، وہ صرف انہیں کے حصے میں آیا ہے ۔ علامہ اقبالؔ اپنی افتادِ طبع ، مناسبتِ مزاج، فکری رجحان اور قلبی میلان کے باعث کلامِ الٰہی سے حیرت انگیز طور پر غیرمعمولی شغف وانہماک رکھتے تھے۔ آپ نے اپنے افکار اور خیالات کو کلامِ ربّانی سے اخذ کیا تھا، جس کی وجہ سے آپ کے ہاں شعوری یا غیر شعوری طور پر قرآنِ مجید کے ا...